نئی دہلی،30اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مرکزی حکومت نے بدھ کو سپریم کورٹ کو مطلع کیا ہے کہ آدھارکو مرکزی حکومت کی مختلف اسکیموں سے جوڑنے کی آخری تاریخ بڑھاکر31دسمبرکردی گئی ہے۔اٹارنی جنرل کے کے وینوگوپال نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ موجودہ وقت میں، 30سے زائد حکومتی منصوبوں کو 30ستمبر سے جوڑنے کا کام کرنے کے لئے کہا گیا تھا،اب یہ تاریخ 3مہینے تک بڑھا دی گئی ہے۔مرکزی حکومت کے وکیل کی طرف سے یہ صفائی عدالت میں دی گئی تھی جب آدھار کے خلاف درخواست لانے والے وکیل نے پوچھاتھاکہ کیا مرکز آخری تاریخ میں بڑھانے کا فیصلہ کرے گی،اگر تاریخ توسیع کی توقع ہے توآدھارمعاملے میں سماعت کو ٹال کرنومبر میں کی جائے۔
قابل ذکر ہے کہ آدھارمعاملے میں سپریم کورٹ کے سامنے التواء درخواستوں پر چیف جسٹس دیپک مشرا،جسٹس امیتاراؤ اورجسٹس اے ایم کھانولکرکی بنچ اب نومبرکے پہلے ہفتے میں سماعت کرے گی۔واضح رہے کہ رازداری کے حق پر سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے سے آدھارپر بحران کے بادل چھاگئے ہیں۔اسی مہینے میں سپریم کورٹ نے رازداری کو ایک بنیادی حق قرار دیا جس کے بعد ماناجارہاہے کہ کورٹ آدھارپرکوئی سخت قدم اٹھاسکتاہے۔